لاہور: (دنیا نیوز) فراڈ کے الزام میں ملوث ملزم نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں پولیس کی دوڑیں لگوادیں، بھاگم بھاگ میں اہلکار تھک گئے لیکن فراڈیا ہاتھ نہ آیا اور بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ملزم ظہیر عباس کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواستگزار پر ایک کروڑ 31 لاکھ کا باونس چیک دینے کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش میں درخواستگزار قصور وار ثابت ہوا ہے۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
ملزم عدالتی حکم سنتے ہی باہر آیا اور چھلاوے کی طرح رفو چکر ہو گیا جس پر پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ ادھربھاگ ادھر جا مگر فراڈیا پولیس کے ہاتھ نہ آیا۔ ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں پولیس اہلکار بے دم ہوگئے لیکن ملزم نہ تھکا اور بالاآخراحاطہ عدالت سے بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔