لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں گرمی کی شدت بڑھی تو پولیس اہلکاروں کا پارہ بھی چڑھ گیا۔ جیل روڈ پر ٹریفک وارڈن اور ڈولفن سکواڈ کے اہلکاروں نے معمولی تلخ کلامی پر بزرگ شہری کو پیٹ ڈالا۔
لاہور کی معروف شاہراہ جیل روڈ پر بزرگ شہری کی ٹریفک وارڈن کے ساتھ تلخ کلامی، نتیجہ تشدد کی صورت میں نکلا، مشتعل ٹریفک وارڈن نے بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ گشت پر مامور ڈولفن سکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچے تو پٹنے والے شہری پر ہی دل کی بھڑاس نکالی۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کو معطل کر کے فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔