کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گھر والوں سے پیسے بٹورنے کا نیا کارنامہ سامنے آ گیا۔ نوجوان نے ساتھیوں کی مدد سے خود کو اغواء کرنے کا ڈرامہ رچا کر اہلخانہ سے 5 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کرلیا۔
خود ہی مغوی، خود ہی اغوا کار، کراچی میں نوجوان نے اپنے ہی گھروالوں کے خلاف بڑا اقدام اٹھایا۔ گھر والوں سے رقم بٹورنے کیلئے انوکھی واردات کر ڈالی۔ 18 سالہ طالب علم احسن نے خود اغوا ہو کر اپنے ہی اہل خانہ سے 5 لاکھ تاوان کا مطالبہ کردیا۔
اغوا ہونے کی خبر ملتے ہی گھر والوں نے گلشن اقبال تھانے میں پرچہ کٹوا دیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی اوراسکے دوست سمیت ملزمان کو پکڑ لیا۔ پولیس کے مطابق پلان کامیاب ہونے کے بعد رقم کا بٹوارا بھی ہونا تھا۔ مغوی احسن کے والدین کے مقدمہ درج کروانے کے بعد ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا جو خود مغوی احسن اور اسکے دوست حارث اور اسامہ کے خلاف درج کیا گیا۔