چشتیاں: (دنیا نیوز) مفلسی 3 جانوں کو نگل گئی، چشتیاں میں غربت اور گھریلو حالات سے تنگ آ کر کالا پتھر پینے والی خاتون اور اسکی دونوں بیٹیاں بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں دم توڑ گئیں، پولیس نے لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
چک نمبر 182 مراد میں 40 سالہ ثمینہ کا شوہر محنت مزدوری کرتا ہے، غربت اور خراب معاشی حالات کے باعث اکثر گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز خاتون نے حالات سے دلبرداشتہ ہوکر دونوں بیٹیوں سمیت کالا پتھر پی لیا جس کے پینے سے 40 سالہ ثمینہ ڈیرھ سالہ زینت اور 4سالہ فاطمہ کی حالت غیر ہو گئی تھی۔
تینوں ماں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں ریفر کر دیا تھا تاہم زہر جسم میں پھیل جانے سے تینوں ماں بیٹیاں دم توڑ گئیں، پولیس نے لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔