کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سٹیل ٹاون میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے، پولیس نے دوسری کارروائی میں نجی ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کرنے والا گینگ دھر لیا۔
کراچی پولیس نے سٹیل ٹاون میں مبینہ مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جنہوں نے متعدد سٹریٹ کرائمز وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سائوتھ پیر محمد شاہ کے مطابق گزری پولیس نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے نجی ریسٹورنٹ میں ڈکیتی میں ملوث گینگ کو پکڑ لیا۔ گرفتار ملزمان میں 3 ڈکیت اورنجی ریسٹورنٹ کے 3 ملازمین شامل تھے۔
ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی رقوم اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساوتھ کا مزید کہنا ہے کہ نجی ریسٹورنٹ کی سی سی ٹی وی سے ملزمان کو گرفتار کرنے میں آسانی ہوئی۔ ملزمان لیاری، بغدادی اور محمود آباد کے رہائشی ہیں، ملزمان طالبعلم ہیں نشہ پورا کرنے کے لئے ڈکیتیاں کرتے تھے۔