کراچی پولیس کی کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتار، مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد

Last Updated On 30 April,2019 09:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان گرفتار کر لئے جن کے قبضے سے مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ دوسری جانب بلدیہ کے علاقے سے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے موٹرسائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ گرفتار ملزمان میں بلال، عاصم اور سجاد عرف سجو شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین موٹرسائیکلیں اور بڑی مقدار میں چرس بھی برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے گئے۔

بریگیڈ پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو ڈکیت موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے 4 کارندے گرفتار کر لئے۔ گرفتار ملزمان میں آصف عرف چنگاری، الطاف، ارسلان اور راشد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں، منشیات، کیش اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

ملزمان آصف چنگاری اور الطاف کو سی سی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ویڈیو میں دونوں ملزم واردات کرتے دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ ملزمان ارسلان اور راشد کے قبضے سے مسروقہ 125 موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔

ادھر جوہر چورنگی کے قریب گاڑی سے 3 دن پرانی لاش برآمد ہوئی جس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ لاش کی شناخت تاحال نہ کی جا سکی۔ دوسری جانب بلدیہ دو نمبر کے قریب دو بائیک میں تصادم کے باعث ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔