ملتان میں پولیس ملازمین چوری، ڈکیتی وارداتوں میں ملوث، شہری عدم تحفظ کا شکار

Last Updated On 03 May,2019 01:24 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پولیس ملازمین نے ہی چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں شروع کر دی ہیں جس کی وجہ سے شہری اور تاجر دونوں ہی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ملتان ریجن میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس ملازمین ملوث پائے گئے ہیں جن کو محکمانہ کاروائی کے باوجود دوبارہ بحال کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے پولیس حکام کے لیئے فورس میں شامل کالی بھیڑوں سے نمٹنا مزید مشکل ہو گیا ہے، جرائم کی شرح میں بھی سو فیصد اضافہ ہونے پر سی پی او کو تشویش ہے۔

اہلکاروں کا مختلف گینگز کا حصہ ہونے سے پولیس کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے جسے بہتر کرنے کے لیئے کمیونٹی پولیسنگ شروع کی گئی ہے، اس کے باوجود پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہونے پر تاجروں نے بھی احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ چار ماہ میں 31 تھانوں کی حدود میں 147 چوری، 115 ڈکیتی اور 450 راہزنی کی وارداتیں ہو چکی ہیں جن میں گلگشت اور صدر سرکل سر فہرست ہیں۔