چھوٹو گینگ کے دو ارکان کو 108 سال قید

Last Updated On 19 May,2019 08:51 pm

ڈیرہ غازی خان: (روزنامہ دنیا) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے چھوٹو گینگ کے دو ارکان کو مجموعی طور پر 108 سال 3 ماہ قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم، ایک مرکزی ملزم اشتہاری قرار جبکہ چار کو بری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 14 فروری 2016ء کو ایس ایچ او تھانہ صدر عمران نواز بروہی نے چھوٹو گینگ کو اسلحہ کی سپلائی کی اطلاع پر گینگ کا پیچھا کیا اور کوٹ چھٹہ کے نزدیک اسلحہ کے ڈمپر کو پکڑا تو 7 ملزموں نے فائرنگ کر کے انسپکٹر عمران نواز بروہی کو شہید جبکہ دوسرے پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔

جس پر پولیس تھانہ کوٹ چھٹہ نے مقدمہ درج کر کے 6 ملزموں خالد، امجد، طارق، مدثر، عبدالرشید اور سجاد شاہ کو گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم سجاد عرف سجی کوٹی فرار ہو گیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے مقدمہ کی سماعت سنٹرل جیل ملتان میں کی۔ جرم ثابت ہونے پر عدالت نے دو ملزمان امجد اور طارق کو تین، تین مرتبہ عمر قید دفعات کے تحت سزائیں سناتے ہوئے مجموعی طور پر 108 سال 3 ماہ قید کی سزا اور پانچ، پانچ لاکھ جرمانہ اور منقولہ وغیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنا دی۔ جبکہ چار ملزمان بری کر دیئے اور ایک مرکزی ملزم سجاد عرف سجی کوٹی کو اشتہاری قرار دے دیا۔