نارووال: (دنیا نیوز) ضلع نارووال کے گاؤں کندالہ میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نارووال کے گاوں کندالہ میں خاوند نے چار بچوں کی ماں پر تشدد کیا جو شدید زخمی ہوئی اور گھر میں ہی تڑپ تڑپ کر جان دے دی، 6 سال قبل گاؤں بولا باجوہ کی رقیہ بی بی کی ٹیکسی ڈرائیور محمد ندیم سے شادی ہوئی تھی۔
مقتولہ کے بھائی محمد بوٹا کا کہنا تھا کہ محمد ندیم کے خواتین کیساتھ ناجائز تعلقات تھے، مقتولہ رقیہ اپنے خاوند کو خواتین کے ساتھ تعلقات پر منع کرتی تھی، پہلے بھی کئی بار شوہر اپنی بیوی کے منع کرنے پر تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے۔
محمد بوٹا کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ رات بھی خاوند نے رقیہ پر شدید تشدد کیا، سسرالیوں نے بتایا کہ رقیہ کو ہارٹ اٹیک ہوا جس سے جان بحق ہو گئی ہے، میت کو غسل دینے کے وقت معلوم ہوا مقتولہ رقیہ کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں۔
مقتولہ کا بھائی مقتولہ کی لاش لیکر پوسٹمارٹم اور قانونی کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گیا، خاتون کے مبینہ قتل کی اطلاع پر پولیس تھانہ صدر نے بھی تفتیش شروع کر دی ہے۔