ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات: 24 افراد جاں بحق، 42 زخمی

Last Updated On 19 November,2019 02:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 24 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں سندھ کا صوفی فنکار ربانی چانڈیو بھی شامل ہے۔

ٹریفک حادثات نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی، پاکپتن میں 17 والی پلی کے قریب خوفناک حادثہ ہوا، تیز رفتار ڈمپر نے کوسٹر کو روند ڈالا، امدادی ٹیموں نے تمام زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔

مظفرگڑھ علی پور روڈ ڈیڑھ روہیلانوالی کے قریب تیز رفتار مزدا، مسافر وین اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا۔ حادثہ مسافر وین کی تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے اور موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

قصور میں فیروزپور روڈ پر لاہور جانے والی دو گاڑیاں ٹکرا گئی۔ ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی، امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ ملتان سکھر موٹر وے پر تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹ گئی، الٹنے کے بعد بس کو آگ لگ گئی، حادثہ باگو ڈرا سی پیک 63 پولیس پکٹ کے مقام پر پیش آیا ہے۔

نوشہرو فیروز نیو جتوئی کے قریب موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں صوفی فنکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے۔
 

Advertisement