کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی، رپورٹ طلب

Last Updated On 08 January,2020 09:55 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سائوتھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ فائرنگ کرنے والے اہلکار پولیس کی حراست میں زخمی نوجوان کے بھائی نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا۔

کراچی کے علاقے صدر ایم اے جناح روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان شرافت علی ولد شیر علی کو زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کی۔

آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سائوتھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ زخمی نوجوان کے بھائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے وقت دو موٹر سائیکلوں پر چار دوست تھے۔ چھوٹا بھائی شرافت موٹر سائیکل کا سامان لینے نکلا تھا۔ شرافت پولیس کی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے جبکہ پولیس نے اپنی غلطی بھی تسلیم کی ہے۔ پولیس والوں نے خون فراہم کرنے میں مدد بھی کی۔ شرافت کو ایک ہی گولی لگی۔ ڈاکٹر حالت خطرے سے باہر بتا رہے ہیں۔ غریب لوگ ہیں، کسی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔

ایس ایس پی سائوتھ شیراز نذیر کے مطابق واقعہ کے وقت موجود اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ایس پی صدر واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں، فائرنگ کرنے والے اہلکار کی تصدیق ہونے پر اسکے خلاف کارروائی کی جائیگی۔
 

Advertisement