لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں گھر سے ناشتہ لینے جانے والے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن بازار میں فائرنگ ہوئی، فائرنگ کے باعث نوجوان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش کو قبضے میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، مقتول کی شناخت مدثر گجر کے نام سے ہوئی ہے، مقتول مدثر گجر گرین ٹاؤن کا رہائشی ہے، گھر سے ناشتہ لینے نکلا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے قریب ہی پان کی دکان پر ایک نوجوان موٹرسائیکل پر آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، مقتول کو ہسپتال منتقل کیا مگر جانبر نہ ہو سکا، مقتول ٹیکسٹائل مل میں نوکری کرتا تھا۔
دوسری طرف قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج لاہور نیوز کو موصول ہو گئی ہے، فوٹیج میں ملزم کو دن دن دیہاڑے نوجوان کو قتل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مقتول مدثر کو پیدل پان والی دوکان کی جانب جاتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹرسائیکل سوار ملزم مقتول کا پیچے سے ہی پیچھا کرتا آ رہا تھا، ملزم نے دوکان کے پاس رکتے ہی مقتول پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔