کراچی میں اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، گولا و بارود اور سیٹلائٹ فون برآمد

Last Updated On 02 February,2020 11:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس اور سپیشل سکیورٹی یونٹ کی کارروائی کے دوران اسلحہ و گولا بارود کی بھاری مقدار برآمد ہوئی جس میں 60 دستی بم، 10 ڈیٹونیٹر، مارٹر گولے اور اسلحے سے بھرے 53 باکس قبضے میں لئے گئے ہیں، اسلحے میں 38 ایس ایم جی، 9 آر پی جی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق چھاپے کے دوران سیٹلائٹ فون اور 2 پاسپورٹ بھی برآمد کر لئے گئے۔ خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں چھاپہ مارا گیا تو اسلحے کی بھاری مقدار پڑی ملی۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں گولا و بارود کے علاوہ 38 ایس ایم جی، 9 آر پی جی ملیں جو پیٹیوں میں چھپائی گئی تھیں، سپیشل سکیورٹی یونٹ کے مطابق 60 دستی بم، 10 ڈیٹونیٹر بھی ملے جو کسی بڑی کارروائی میں استعمال کیلئے چھپائے گئے تھے تاہم کارروائی کے نتیجے میں شہر بڑی تباہی سے بچ گیا۔ ایس ایس یو حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحے کا فرانزک کرایا جائے گا جبکہ معاملے میں ملوث دہشت گردوں کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

Advertisement