کراچی:‌ صدر پارک سے ڈیڑھ سالہ بچہ اغوا، باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج

Last Updated On 03 February,2020 09:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے صدر میں پارک سے بچہ غائب ہو گیا۔ والد ڈیڑھ سالہ عامر کو تفریح کیلئے جہانگیر پارک لایا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو مبینہ اغواکار مرد اور عورت لے جاتے ہوئے نظر آئے۔ واقعہ کا مقدمہ باپ کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

کراچی کا مصروف ترین علاقہ صدر جہاں جہانگیر پارک میں والد کے ساتھ تفریح کیلئے آنے والا ڈیڑھ سالہ بچہ اغوا ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شام رنچھوڑ لائن کا رہائشی عامر اپنے بیٹے سدیس کو پارک لایا تھا جہاں سے بچہ غائب ہو گیا۔

باپ نے پورا پارک اور اطراف میں بچے کو ڈھونڈا مگر سدیس نہ ملا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوائی تو بچہ ایک مرد کی گود میں نظر آیا جس کے ساتھ خاتون اور 7 سے 8 سالہ بچہ بھی موجود ہے۔ مشتبہ مرد اور عورت بچے کو اپنے ہمراہ لے جا رہے ہیں۔ غمزدہ باپ کا کہنا ہے کہ بچے کو رات بھر ڈھونڈتے رہے مگر کامیابی نہ ملی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
 

Advertisement