لاہور: پیشہ ور گداگروں کی یلغار سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

Last Updated On 10 April,2020 03:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا وارننگ آپریشن اور پولیس کی کارروائیاں بھی کام نہ آئیں، شہر میں پیشہ ور گداگروں کی یلغار نے کورونا وائرس پھیلنے کی راہ ہموار کر دی، بھکاریوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ گئیں۔

کورونا وائرس کا خوف نہ ڈر، پیشہ ور بھکاریوں کی لاہور کی اہم شاہراہوں پر یلغار برقرار ہے۔ پولیس دعویٰ کے مطابق شہر میں گداگروں کے خلاف مسلسل آپریشن کیے جا رہے ہیں مگر مال روڈ، جیل روڈ، راوی ٹول پلازہ، گلبرگ، لبرٹی، شادمان، ڈیفنس اور کینال روڈ پر جگہ جگہ بھکاری اور گداگر نظر آ رہے ہیں۔

سی سی پی او ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ 300 سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے۔ دیگر شہروں سے آنے والے گداگروں کو شہر بدر کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے مطابق ادارے نے وارننگ آپریشن کیے ہیں۔ پولیس کی مدد شامل ہو گی تو بھکاری مافیا کو سڑکوں سے ہٹانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے وارننگ آپریشن اور لاہور پولیس کی کارروائیوں کے باوجود شہر میں گداگر مافیا اب بھی نظر آ رہا ہے۔ اداروں کی مشترکہ کارروائیوں تک اس مافیا سے جان چھڑانا مشکل نظر آتا ہے۔