کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گراں فروشی عروج پر پہنچ گئی، عوامی شکایات کے بعد بیورو سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول نے اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ کے ہمراہ چھاپے مار کر سات گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ اشیائے خورو نوش مہنگے داموں بیچنے پر جرمانے بھی کیے گئے۔
چکن 217 کی جگہ 270 روپے کلو، دالیں اور اشیائے ضروریہ پر بھی 30 سے 50 روپے اضافی وصول کئے جانے لگے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی گراں فروش اور ناجائز منافع خور باز نہ آئے۔ عوامی شکایات ملیں تو بیورو آف سپلائی ایند پرائس کنٹرول کے افسران نے اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ علی احمد سومرو کے ہمراہ گلستان جوہر میں چھاپے مارے۔ مہنگے داموں سامان بیچنے والے افراد کو جرمانے کئے اور حراست میں لے لیا۔
دکانداروں نے شکوہ کیا، بولے جرمانے ہول سیلرز اور بڑے ڈیلرز کو کرنے چاہییں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے اگلی بار جرمانہ نہیں، گراں فروشوں کو جیل جانا ہوگا۔