لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے اسلام پورہ میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 35 سالہ شخص کو قتل کر دیا۔ مقتول کی ہلاکت پر پورے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے تاج کمپنی کے رہائشی عرفان نے ملزم وقاص کو بھینس سیل کی تھی جس کے پیسوں کا تنازعہ چل رہاتھا اور ملزم بار بار اسے پیسے دینے سے انکاری تھا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص نے ساتھیوں کے ہمراہ عرفان کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے مقتول کی بھائی کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتول کی ہلاکت پر پورے گھر میں صف ماتم بچھ گئی جبکہ پولیس نے لاش کو مردہ خانے جمع کروادیا۔