میرانشاہ: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں دو قبیلوں کے مابین لڑائی کے دوران دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کے رزمک سب ڈویژن میں دو قبیلوں کے مابین لڑائی ہوئی، لڑائی تحصیل دوسلی کے علاقے کم سروبی میں کلہاڑی اور ڈنڈوں کے ذریعے ہوئی، وجہ تنازعہ پیسوں کی پرانی لین دین پر ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑائی کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے اور 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ ایک طرف سے دو افراد 18 سالہ سمین اور 19 سالہ شفیر چل بسے، دوسری طرف سے 50 سالہ عمر خان، 47 سالہ زرولی، 45 سالہ میر صاحب خان، 20 سالہ ساجد عمر شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔