لاہور: (دنیا نیوز) کورونا واٸرس خدشات کے سبب شہباز تتلہ کے اغوا اور مبینہ قتل کیس میں ملوث ملزمان کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ ماڈل ٹاون کچہری کی عدالت نے ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل اور ہمراہی ملزم اسد بھٹی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کا حکم دے دیا۔
ماڈل ٹاون کچہری کی عدالت نے شہباز تتلہ قتل کیس میں ملزمان کے خلاف چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب نے وارنٹ دیکھ کر چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم دے دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزمان سے تفتیش کی ہے، ڈیڈ باڈی برآمد نہیں ہوٸی۔ ایس ایس پی مفخر عدیل نے اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کرا دیا تھا۔ ملزم اسد بھٹی کا بھی بیان قلمبند کر لیا گیا تھا۔
ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ تھانہ نصیرآباد میں درج ہے۔ ملزم مفخر عدیل کا مجموعی طور پر 13 دن کا جبکہ اسد بھٹی کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔ چالان میں پراسیکیوشن کی جانب سے نقاٸص نکالے گٸے ہیں جن کو دور کر کے دوبارہ عدالت میں پیش کیا جاٸے گا۔