کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خود کشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا علی شاہ کے کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ماہا شاہ کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں انہیں قتل کیے جانے کا امکان سامنے آگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا رائٹ ہینڈر تھی جبکہ گولی ڈاکٹر ماہا کے سر میں بائیں جانب سے لگی اور دائیں جانب سے باہر نکلی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: گھریلو ناچاقی پر خاتون ڈاکٹر نے خود کشی کر لی
حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ رپورٹ ٹھیک ہے تو اس سے کرائم سین کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوگا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ کی بنیاد پر ہی ڈاکٹر ماہا کی قبرکشائی کے لیے مجسٹریٹ سے درخواست کی گئی ہے۔ تفتیش میں ڈاکٹر ماہا کی ہلاکت قتل ثابت ہوئی تو اہلخانہ کو شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا علی نے گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈاکٹر ماہا کی خودکشی کی تفتیش مکمل، پستول فراہم کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار
ڈاکٹر ماہا کے قریبی دوست جنید نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ اس کے مرحومہ سے گزشتہ 4 سال سے تعلقات تھے اور دونوں جلد ہی شادی کرنے والے تھے۔
جنید کا کہنا تھا کہ ماہا کو روز نجی ہسپتال میں پک اینڈ ڈراپ کرتا تھا لیکن جس دن اس نے خودکشی کی اس دن ماہا نے گھر آنے سے منع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تفتیش کاروں کا ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کرنے کا فیصلہ
خاتون ڈاکٹر کے دوست کا کہنا تھا کہ ماہا کا اکثر اپنے والدین سے جھگڑا رہتا تھا، ماہا گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے ڈپریشن میں رہا کرتی تھی۔
ڈاکٹر ماہا علی کی موت کو پولیس نے تحقیقات کی بنا پر خودکشی قرار دیا ہے اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہا علی نے اپنے دوست جنید کے تشدد سے تنگ آکر خود کو مارا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر ماہا نے زیادتی کے بعد خود کشی کی: پولیس،تین ملزمان گرفتار
گزشتہ دنوں ڈاکٹر ماہا علی شاہ کے والد آصف علی شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بیٹی کو بلیک میل کیا جارہا تھا اور اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ڈاکٹر ماہا کے والد کا کہنا ہے کہ جنید، ڈاکٹر عرفان اور وقاص سمیت ایک منظم گروہ نے ان کی بیٹی کو پہلے نشے کی لت پر لگایا، پھر بلیک میل کیا اور دھمکیاں دیں جو میری بیٹی کی موت کی وجہ بنا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر ماہا کی خود کشی، والد نے ذمہ دار ملزم جنید کو قرار دیدیا
ادھر عدالت نے ڈاکٹر ماہا کی خودکشی کے کیس میں نامزد ملزم عرفان قریشی کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔