کراچی: (دنیا نیوز) کسٹمز کلکٹر کراچی اور افغانستان کی کسٹم اتھارٹی نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے طورخم کے قریب مشتبہ کنٹینرکی تلاشی پر6 میٹرک ٹن آیوڈین برآمد کر لی۔ ضبط شدہ آیوڈین نامی کیمیکل خطرناک منشیات میتھم فیٹامائن بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ذرائع پاکستان کسٹمز کے مطابق یہ شپمنٹ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کراچی پہنچی تھی، یہ کنٹینر کراچی سے افغانستان کے لیے بھیجا گیا۔
پاکستان کسٹمز کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے شک ہونے کی وجہ سے اس کی خفیہ اطلاع دی، جس پر ماڈل کلیکٹریٹ کسٹمز پریونٹیو کراچی نے خفیہ نگرانی کی۔
پاکستان کسٹمز کے حکام نے تصدیق پر امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن اور افغان حکام کو اعتماد میں لیا۔ شپمنٹ منٹ کراچی سے سڑک کے راستے طورخم بارڈر تک پہنچائے جانے کے دوران خفیہ نگرانی کی گئی۔
پاکستان کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اور افغان اتھارٹی کو اعتماد میں لے کر 14ستمبر کو افغانستان میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ انٹرنیشنل نارکوٹکس بورڈ نے رپورٹ دی کہ آیوڈین کے اس ذخیرے سے 4.5 ٹن منشیات تیار کی جاسکتی تھی۔
منشیات اور جرائم سے متعلق یونائیٹڈنیشن آفس کی رپورٹ کے مطابق برآمد آیوڈین سے 91 ارب روپے کی منشیات تیار کی جاسکتی تھی۔ کارروائی میں 546 ملین ڈالر کا کیمیکل جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ لگنے سے روکا گیا ہے۔
پاکستان کسٹم ذرائع کے مطابق کیمیکل سے منشیات بنانے سے حاصل آمدنی دہشت گردی میں استعمال کی جانا تھی۔ تمام بین الاقوامی ایجنسیزنے پاکستان کسٹمزکی پیشہ وارانہ اہلیت کوسراہا۔