کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے فیڈرل بی صنعتی ایریا سے 8 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد کر لی گئی۔ اہل علاقہ نے لاش پھینکنے والے مبینہ ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، 8 سالہ حارث گزشتہ شب سے لاپتہ تھا۔
کراچی میں ایک اور معصوم بچہ مبینہ طور پر جنسی درندگی کی بھینٹ چڑھ گیا، کراچی کے علاقے شفیق کالونی کا رہائشی 8 سالہ حارث گزشتہ شب لاپتہ ہوا، اہل خانہ تلاش میں مصروف تھے۔
رات گئے علاقہ مکینوں نے ایک شخص کو حارث کی لاش لے جاتے دیکھا تو اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم کی شناخت سمیع کے نام سے کی گئی جو حارث کا پڑوسی بھی رہ چکا ہے۔
حارث کی لاش کو عباسی شھید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر بچے سے زیادتی اور گلہ دبا کر مارنے کے شواہد ملے ہیں۔ کیمیکل اگزامن کے لئے نمونے محفوظ کر لئے گئے جبکہ ڈی این اے سیمپل بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد حارث کی لاش تدفین کے لئے ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تدفین کے بعد درج کیا جائے گا جبکہ کیمیکلز معائنے کے بعد حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔