کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلے میں پولیس افسر شہید ہوگیا، سب انسپکٹر رحیم گلستان جوہر تھانے میں تعینات تھا۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس موبائل سفید کار میں سوار ڈاکووں کا تعاقب کرتی آئی، جیسے ہی قریب پہنچی ڈاکووں نے ایس ایم جیز سے گولیاں چلا دیں۔ سب انسپیکٹر رحیم خان واقعے میں جاں بحق ہوئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد چار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق ملزمان فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں دور بھاگے اور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوئے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کی گاڑی گلستان جوہر سے برآمد کر لی جس پر گولیوں کے نشانات بھی موجود ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، سٹریٹ کرائم اور دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے۔