کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد والوں سے چھینے گئے موبائل فون افغانستان اوربنگلا دیش میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے گلشن حدید سے موبائل فون سمگل اور سٹریٹ کرائم میں ملوث منظم پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گروہ کے ماسٹرمائنڈ حسن عبداللہ اور سرغنہ جہانگیر بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں، ملزمان شہر کے مختلف سٹریٹ کرمنل گروہوں سے رابطے تھے، ملزموں کی نشاندہی پر مختلف علاقوں سے 70 سے زائد قیمتی سمارٹ فونز برآمد کیے ہیں،آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والی ڈیوائس،لیپ ٹاپ اوردیگرتحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم عبداللہ چھینے گئے موبائل فون کا آئی ایم ایی آئی نمبر تبدیل کرنے کا ماہر ہے جبکہ گروہ کا سرغنہ جہانگیر بدر فونز نیٹ ورک کے ذریعے بنگلہ دیش اور افغانستان بھجواتا ہے،ملزم جہانگیر بدر نے تین سالوں سے کراچی میں موبائل فون چھننے کا انکشاف بھی کیا ہے۔