رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں ڈکیتی کے دوران اغوا کی گئی لڑکی چار روز بعد بھی بازیاب نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس تاحال ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپیل کی ہے کہ جلد لڑکی کو بازیاب کرایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے کر آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیل کے مطابق چار روز قبل تھانہ شیدانی کے علاقے میں 6 سے زائد ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور نقدی اور زیورات کی لوٹ مار کی تھی۔
ڈاکو جاتے ہوئے ان کی 14 سالہ لڑکی کو بھی اغوا کرکے فرار ہو گئے۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ شیدانی میں درج کیا گیا ہے۔ مگر چار روز گزرنے کے باوجود پولیس ان ڈاکوؤں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
لڑکی کے اہلخانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرایا جائے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ ان ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کیا جائے۔