خیرپور: (دنیا نیوز) لاڑکانہ اور خیر پور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو سمیت 7 ڈاکو مقابلے میں مار ڈالے، بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی مسعود بنگش کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے کیٹی ممتاز کے قریب خیر پور اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقے کا گھیراو کیا جہاں موجود ڈاکووں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو سات گھنٹوں سے زائد جاری رہا،
فائرنگ کے دوران 7 ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کے پولیس نے بھاری تعداد میں جدید اسلحہ بھی بر آمد کرکے ڈاکووں کی آماجگاہوں کو تباہ کر دیا، بر آمد شدہ ہتھیاروں میں انٹی ائیر کرافٹ گن، راکٹ لانچر و دیگر شامل ہیں۔
ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق ہلاک ڈاکووں میں سندھ کے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو بھی شامل ہیں جو ایک سو سےزائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، جب کی ان کی سر کی قیمت 10۔ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
ایس ایس پی مسعود بنگش کا کہنا تھا کہ 7 ڈاکووں کی ہلاکت پولیس کی بڑی کامیابی ہے جس سے سندھ کے کچے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی، مذکورہ آپریشن 7 گھنٹے تک جاری رہا۔