کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی مقامی عدالت میں نومسلم آرزو کے مبینہ اغوا کے کیس میں عدالت نے ملزم اظہر علی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، پولیس نے ملزم کاجسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔
سٹی کورٹ میں اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کرنے والی آرزو کے کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے آرزو کے شوہر کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس کی استدعا پر عدالت نے ملزم اظہر علی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
وکیل صفائی نے کہا لڑکی نے ہر جگہ کہا وہ 18سال کی ہے اور اس نے مرضی سے شادی کی ہے۔ ہائیکورٹ کے آرڈر کے مطابق کیس نہیں بنتا ریمانڈ نہ دیا جائے۔ سندھ ہائیکورٹ نے لڑکی کو دارالامان بھیجا ہے۔ ملزم کی گرفتاری ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کسی کو بھی گرفتار نہ کیا جائے۔