لاہور: (دنیا نیوز) داؤود نامی نوجوان اپنے دوست عبدالرحمن کے ہمراہ دفتر میں ٹک ٹاک بنا رہا تھا، گولی اس کی آنکھ میں لگ گئی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
موقع پر موجود دیگر افراد کے مطابق داؤد کا ساتھی ٹک ٹاکر بھی بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ سندر کے علاقے میں پیش آیا۔
دونوں نوجوانوں کی عمریں بائیس سے پچیس سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں قرار دیا ہے کہ یہ حادثہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے باعث پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کا جنون ایک اور جان لے گیا، دوران ویڈیو گولی چل گئی، نوجوان جاں بحق
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا کے علاقہ داؤد خیل میں بھی نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ نوجوان ہاتھ میں پستول تھامے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنا رہا تھا، اچانک گولی چلنے سے جاں بحق ہو گیا۔
خیال رہے کہ ملک میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان لڑکوں کی اموات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں بھی متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں ٹک ٹک ویڈیو کے چکر میں اموات زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیش آیا تھا جہاں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے 22 سالہ لڑکی کی جان لے لی تھی۔ لڑکی نے ویڈیو بناتے ہوئے ہاتھ میں پستول تھامی ہوئی تھی کہ اچانک گولی چل گئی۔ واقعہ کمالیہ کے علاقے خورشید آباد میں پیش آیا۔
گولی چلنے کی آواز سن کر اہلخانہ بھاگ کر آئے تو خون میں لت پت لڑکی دم توڑ چکی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے دوران گولی چلنے سے لڑکی کی ہلاکت ہوئی۔