لاہور: (دنیا نیوز) موسم سرما کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ لاہور کے 84 میں سے 35 تھانوں میں صورت حال زیادہ خراب ہو گئی جہاں اسٹریٹ کرائم میں 20 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
لاہور میں اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے امن و امان کی صورت حال مثالی تو کبھی بھی نہیں رہی لیکن موسم سرما کا آغاز ہوتے ہوئے وارداتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران لاہور کے 84 میں سے35 تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائمز میں 18سے 20 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ شاہدرہ، رائے ونڈ، تھانہ شمالی چھاونی، تھانہ باغبانپورہ، ماڈل ٹاؤن ڈویژن، اسلام پورہ اور تھانہ فیکٹری ایریا وغیرہ میں صورت حال میں زیادہ بگاڑ دیکھنے میں آیا ہے جس کے لیے پولیس حکام کی طرف سے اضافی اقدامات مکمل کرلیے جانےکی نوید سنائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق صورت حال میں بہتری کے لیے سیف سٹی اتھارٹی سے بھی مدد حاصل کی جارہی ہے۔