کراچی میں تجاوزات مافیا قابو سے باہر، سڑکوں اور چوراہوں پر ٹھیلے، پتھاروں کی بھرمار

Published On 07 January,2021 11:21 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی سڑکوں اور چوراہوں پر تجاوزات کی بھرمار ہے، جگہ جگہ ٹھیلے اور پتھارے ٹریفک کے بہاو میں بڑی رکاوٹ بننے لگے جو انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت کو ظاہر کررہی ہے۔

شہرقائد کے دیگر مسائل کی طرح تجاوزات کا بھی تدارک نہ ہوسکا، کورونا خطرات کے باعث قانونی کاروبار کا دورانیہ تو کم کر دیا گیا مگر تجاوزات کو کھلی چھوٹ دے دی گئی۔

سڑکوں اورمصروف مقامات پر دن رات تجاوزات کی بھرمار اور دھڑلے سے چلتا کاروبارانتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا پول کھول رہاہے۔ چھوٹی بڑی سڑکوں پر ٹھیلے پتھاروں کی بھرمار کے باعث ٹریفک مسائل معمول بن گئے ہیں، تجاوزات کے باعث شہری فٹ پاتھ پر چلنے کے حق سے بھی محروم ہیں۔

شہری تجاوزات کے تدارک کیلئے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کررہے ہیں، پتھارے لگانے والے بھی پرسکون روزگار کے خواہشمند ہیں۔ شہر کے تمام اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن عملی طورپر کچھ نظرنہیں آرہا۔