کراچی: سامان سے بھرے کنٹینرز چھیننے والا گروہ گرفتار، اسلحہ برآمد

Published On 13 January,2021 03:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سپرہائی وے سے سامان سے بھرے کنٹینرز چھیننے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالا ٹرک بھی برآمد کیا گیا۔

کراچی کے علاقے گڈاپ کے قریب پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 6 مسلح ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کا گروہ کنٹینر چھیننے کیلئے گھات لگائے بیٹھا تھا۔ ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن برآمد کر کے وارداتوں میں استعمال ٹرک بھی ضبط کیا گیا۔

ملزمان میں عاشق، ساگر، طارق، جنید، طالب اور اظہرنوید شامل ہیں۔ ملزمان نے گزشتہ ماہ جامشورو میں سامان کا کنٹینر چھیننے کا اعتراف کیا۔ دسمبر میں ملزمان نے سامان سے بھرے پانچ کنٹینرز چھیننے کی وارداتیں کیں۔ ملزمان ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو اتار کر جھاڑیوں میں باندھ کر فرار ہو جاتے تھے۔