کراچی: شہریوں سے لوٹ مار اور زمینوں پر قبضے میں ملوث 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

Published On 18 February,2021 11:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران شہریوں سے لوٹ مار اور سرکاری زمین پر قبضے میں ملوث 7 ملزمان گرفتار کر لئے۔ ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر کے مقدمات بھی درج کر لئے گئے۔

رینجرز اور پولیس نے گلبرگ میں کارروائی کرکے لال گاڑی پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان سہیل بنگالی اورعبدالعزیز کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی کار،اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق لال کار ایف بی ایریا میں خوف کی علامت بنی ہوئی تھی، وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔

ادھر پولیس نے بن قاسم کے علاقے میں زمینوں پر قبضے میں ملوث باپ، بیٹا سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب کورنگی پولیس نے بینک کے باہر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کرلیا۔ ملزم نے یکم فروری کو منزل پمپ کے قریب واقع بینک سے نکلنے والے شہری زاہد کو 11 لاکھ پچاس ہزار سے محروم کیا تھا.پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرکے نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرلیا۔

 

Advertisement