کراچی: افغان ڈکیت گینگ کے دو کارندے واردات کے دوران گرفتار

Published On 07 March,2021 12:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے محمد علی سوسائٹی میں کارروائی کے دوران بنگلوں میں ڈکیتی کرنیوالے افغان گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد عامر سدوزئی کے مطابق محمد علی سوسائٹی میں کارروائی کرتے ہوئے بنگلوں میں ڈکیتی کرنیوالے افغان گینگ کے 2 کارندے گرفتار کر لئے۔ ملزمان وائٹ کرولا کار میں وارداتیں کرتے تھے۔

ملزمان سمیع اللہ اور سراج کو دوران ڈکیتی گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزمان کے قبضے سے 2پستول، لوٹا ہوا سامان اور جیولری برآمد کی گئی۔ ملزمان نے دوران تفتیش کئی بنگلوں میں ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف کیا۔ ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد ملزمان افغانستان فرار ہوجاتے تھے۔