لاہور رمضان المبارک سے قبل پیشہ ور بھکاریوں کے چنگل میں، شہریوں کا جینا دوبھر

Published On 12 April,2021 09:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر پیشہ ور بھکاریوں کے چنگل میں، رمضان المبارک سے قبل شہر میں ڈیرے ڈال لیے، شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بھکاری بچوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔

عید کمانے کی خاطر، ماہ رمضان کی آمد سے پیشتر ہی پیشہ ور بھکاری دوسرے علاقوں سے لاہور پہنچ گئے، شہر پیشہ ور بھکاریوں کی آماجگاہ بننے لگا۔ لاہور کی اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں پر گداگروں کی بھرمار، بچوں سمیت بھیک مانگنے لگے۔ دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے پولیس انٹی بیگرز یونٹ سٹی ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے ہمراہ پیشہ ور بھکاری بچوں کے خلاف ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کہتی ہیں کہ پکڑے گئے 50 بچوں سمیت باقی بچوں کو عید کے بعد انکے والدین کے حوالے کیا جائے گا، والدین کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہو گی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا سے جہاں پریشانی بڑھ رہی ہے وہیں حق داروں کی حق تلفی بھی ہو رہی ہے، حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہونگے۔