کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میمن گوٹھ میں کے الیکٹرک اور پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر آفتاب بلوچ کی باوردی پولیس افسر کو دھمکی دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
پولیس افسر اور کے الیکٹرک حکام کو دھمکیاں دینے والے شخص آفتاب بلوچ کو دھر لیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے میمن گوٹھ تھانے میں کے الیکڑک افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے میں دہشتگردی، کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ کے الیکٹرک حکام کے مطابق آفتاب بلوچ میمن گوٹھ میں 20 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات کے نادہندہ اور بجلی چوری میں ملوث ہے۔