چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) سابق ایس ایچ او تھانہ صدر اوکاڑہ انسپکٹر عزیز چیمہ کو تین کروڑ روپے کی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
سابقہ ایس ایچ او انسپکٹر عزیز چیمہ ،6 پولیس ملازمین اور 5 پرائیویٹ افراد کے خلاف تھانہ صدر چیچہ وطنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ گاؤں 38 بارہ ایل کے محمد سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل سابق ایس ایچ او تھانہ اوکاڑہ نے 6 پولیس ملازمین اور 5 پرائیویٹ افراد کے ہمراہ حاکم علی کے گھر پر ریڈ کیا۔ پولیس اہلکار ریڈ کے دوران حاکم علی کے گھر سے تقریباً 3 کروڑ روپے نقدی اور زیورات اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس اہلکار خاتون، نومولود بچے سمیت دیگر 5 افراد کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ کی درخواست پر اعلی افسران نے ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر عزیز چیمہ کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ انکوائری رپورٹ میں ایس ایچ او سمیت تمام ملزمان قصور وار پائے گئے۔ سابق ایس ایچ اوکاڑہ نے مدعی مقدمہ کے خلاف منشیات فروشی کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کیا۔ پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے سابق ایچ او انسپکٹر عزیز چیمہ سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔