لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات سے ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی، انتخابی اصلاحات کے مخالفین دھاندلی کے سپورٹرز ہیں۔
گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے ایم این اے صداقت عباسی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا حکومتی فیصلہ تاریخی اقدام ہے، اپوزیشن کو ضد اور انا پر ستی پر مبنی سیاست کا رویہ ترک کر دینا چاہیے، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کیلئے حکومت کیساتھ بیٹھنا چاہیے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ہم ایسے شفاف انتخابات چاہتے ہیں جن پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، ای پولنگ سے انتخابی نتائج چند منٹوں میں سب کے سامنے ہوں گے، ہر معاملے میں میں نہ مانوں کی اپوزیشن کی سیاست جمہوریت کی نفی ہے۔
ملاقات کے دوران پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔