پشاور: (دنیا نیوز) موٹر وے پشاور ٹول پلازہ پرتیز رفتار گاڑی نے پولیس اہلکار کو کچل دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ٹول پلازہ پر شہری نے ہٹ دھرمی کرتے ہوئے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کرنے والے پولیس اہلکار کو ہی کچل ڈالا، موٹروے پولیس نے مردان کے پاس بھی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ پشاور ٹول پلازہ پر جب موٹروے پولیس اہلکار نے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور کی اہلکارو کو اڑا کر بھاگنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور کو چمکنی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم جنید کی عمر 26 سال ہے، جبکہ اسلام آباد کا رہائشی ہے اہلکار ایل آر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ گاڑی اسلام آباد سے پشاور جارہی تھی۔
ملزم کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے جبکہ موٹر وے پولیس کنٹرول سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق متذکرہ گاڑی 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کے رفتار سے جا رہی تھی جس کو مردان میں روکنے کی کوشش کی گئی تاہم ناکامی پر وائرلیس کے ذریعے پشاور انٹرچینج کو اطلاع دی گئی جہاں روکنے کی کوشش کے دوران حادثہ ہوا ہے۔