لاہور: (دنیا نیوز) سیشن کورٹ نے مائرہ قتل کیس میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پولیس کو 22 مئی تک ملزم کی گرفتاری سے روک دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج سید سبطین جاوید نے ملزم سعد امیر بٹ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ بے قصور ہوں، پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا اور اب گرفتار کرنا چاہتی ہے، مائرہ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، شامل تفتیش ہو کر پولیس کو اپنا مؤقف دینا چاہتا ہوں۔
مائرہ کی ظاہرجدون کیساتھ نازیبا تصاویر منظرعام پر آگئیں
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کی عبوری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی اور پولیس کو سعد امیر بٹ کو 22 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے اور شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔
خیال رہے ملزم سعد امیر بٹ پر 26 سالہ مائرہ کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔