لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتہاریوں کو پناہ دینے اور کارسرکار کے مقدمے میں نامزد خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ سمیت بارہ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کو ایک، ایک لاکھ مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کے گوگی بٹ سمیت دیگر کی ضمانتوں پر سماعت کی۔ ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کے پاس کوئی شواہد موجود نہیں، عدالت درخواست ضمانت منظور کرے۔
پراسیکیوشن نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات، کار سرکار میں مداخلت سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں، عدالت ضمانت خارج کرے۔ عدالت نے دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پر ملزمان کی ضمانت ایک، ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کرنے کا حکم دے دیا۔