فیصل آباد: رہائشی علاقوں میں قائم تجاوزات کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

Published On 20 May,2021 09:13 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بیشتر رہائشی علاقوں میں گھروں کے سامنے قائم غیر قانونی اور ناجائز تعمیرات کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مسائل آڑے آنے لگے جبکہ حکام خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

فیصل آباد کی متعدد رہائشی کالونیوں میں قائم غیر قانونی اور ناجائز تعمیرات کی روک تھام میں ضلعی انتظامیہ اور ایف ڈی اے حکام ناکامی کا شکار بن گئے، گلیوں اور محلوں میں گھروں کے سامنے قائم اضافی اور غیر قانونی تعمیرات سے کئی کئی فٹ چوڑی گلیاں اور سڑکیں چند فٹ تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں جس سے گاڑیوں کا گزر تو درکنار، پیدل گزرنے میں بھی مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

معاملے پر ممبر صوبائی اسمبلی اور چئیرمین ایف ڈی اے کہتے ہیں کہ کئی سالوں سے قائم تجاوزات کے خاتمے میں انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے البتہ جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے متعدد بار احکامات تو جاری ہوئے مگر بااثر قبضہ مافیا کے سامنے حکام گٹھنے ٹیکنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔