کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شارع فیصل پر اوباش نوجوانوں کی ہراساں کرنے کی کوشش پر لڑکی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپلوڈ کرکے مدد مانگ لی، پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کراچی میں شارع فیصل پر اوباش نوجوانوں کی لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی، رکشے میں سوار لڑکی نے واقعہ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، ویڈیو بنانے پر ایک لڑکا رکشہ سوار لڑکی کو دھمکیاں بھی دیتا رہا، موٹرسائیکلوں پر سوار لڑکے شارع فیصل پر رکشہ کا مسلسل پیچھا کرتے رہے۔
متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اوباش نوجوان مجھے دیکھ کر سیٹی بجاتے،ہنستے اور اشارے کرتے رہے۔ تنگ آکر ویڈیو بنانا شروع کی تو موٹرسائیکل پرسوار لڑکے بھاگ گئے۔ کچھ دیر بعد لڑکے دوبارہ واپس آئے اور چلتے رکشہ کو لاتیں مارتے رہے، موٹرسائیکل پر سوار لڑکوں نے رکشہ کو زبردستی روکنے کی کوشش بھی کی۔
رکشہ ڈرائیور نے ڈرگ روڈ پر ٹریفک چوکی پر جاکر رکشہ روکا تو تمام لڑکے بھاگ گئے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے کسی بھی لڑکے نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، شارع فیصل پر ہیملٹ نہیں تو سفر نہیں مہم کے تحت بھی لڑکوں کو نہیں روکا گیا۔