مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں دو سیاسی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے اور فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کیخلاف سیاسی کارکنوں نے احتجاجاً شاہراہ سرینگر کو بند کر دیا ہے جبکہ زخمی افراد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما عارف مغل اور ان کا بیٹا بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن قریب آتے ہی سیاسی پارہ ہائی ہو چکا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آئندہ اتوار کو ہوں گے۔
پانچ سالہ مدت کیلئے آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی اراکین کے انتخاب کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں وکشمیر انتخابات کیلئے 41، مسلم لیگ ن نے 36 جبکہ پیپلز پارٹی نے صرف 8 امیدوار نامزد کئے ہیں۔
مجموعی طور پر 32 سیاسی جماعتیں اور سینکڑوں آزاد امیدوار قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔