لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی، دست درازی اور ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، یوم آزادی پر مینار پاکستان گراؤنڈ میں عوام کے جم غفیر نے خاتون کو زدوکوب کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ہجوم نے کھینچا تانی کی حد کر دی، خاتون کےکپڑے تک پھٹ گئے۔ ٹک ٹاکر کے ساتھ آئے اس کے 6 ساتھی بھی حملے سے نہ بچ پائے اور موبائل، نقدی اور طلائی زیورات سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجا ب نے بھی نوٹس لیا اور سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا۔
شاہدرہ کی رہائشی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ عائشہ کے مطابق وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ویڈیو بنانے میں مصروف تھیں کہ ہجوم حملہ آور ہو گیا۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ 400 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فوٹیج اور دیگر شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے، جلد ہی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔