کراچی:(دنیا نیوز) پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انسداد منشیات آپریشن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منشیات ضبط کر لی ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق انسداد منشیات آپریشن شمالی بحیرہ عرب میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، ضبط کی جانے والی 3 ہزار کلو گرام منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 75 کروڑ روپے ہے، ضبط کی جانے والی منشیات مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب انسداد منشیات آپریشن بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے، بحری دفاع اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پاک بحریہ اپنی ذمہ داری سر انجام دیتی رہے گی۔