کراچی:( لیاقت علی رانا سے ) بلڈرز سے بھتہ لینے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم جیولر ایاز میمن موتی والا کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس کے رہاٸشی بلڈر شہزاد لطیف نے شکایت درج کراٸی تھی کہ ایاز میمن موتی والا نامی شخص اسے بلیک میل کر رہا ہے اور وہ بلڈنگ کی کنسٹرکشن نہ روکنے پر ایک کروڑ 44 لاکھ روپے بھتہ لیا ہے۔
رینجرز نے مبینہ بلیک میلر ایاز میمن موتی والا کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا، پولیس نے مقدمے کا ااندراج کرکے ملزم کو انسداد دہشت گردی کورٹس کے منتظم جج بشیر احمد کھوسو کے روبرو پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم نے بلڈر سے ایک کروڑ 44 لاکھ روپے بھتہ لیا ہے، ملزم سے تفتیش کرنی ہے کہ ملزم بلڈر کو بلیک میل کیوں کر رہا تھا، تفتیش کیلٸے 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جاٸے، عدالت نے ملزم کو 11 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ نبی بخش اور درخشاں تھانوں میں مقدمات درج ہیں، عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزم نےعدالت کو بتایا کہ وہ جیولری کے کاروبار کے ساتھ سماجی کارکن بھی ہے، وہ 2013 اور 2018 میں قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑچکا ہے۔
ملزم کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہے، اس کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ غیرقانونی کنسٹرکشن کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلا رہا تھا۔