لاڑکانہ سینٹرل جیل سے 1 ہزار سے زائد موبائل فون اور اے سی برآمد

Published On 17 June,2022 05:57 pm

لاڑکانہ:(دنیا نیوز) صوبہ سندھ کی لاڑکانہ سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کے نتیجے میں 1 ہزار سے زائد موبائل فون اور 1 سو ائیر کنڈیشنر بر آمد کر لیے گئے۔

لاڑکانہ جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق کلوڑ کے مطابق سرچ آپریشن میں ایک سو سے زائد ایئر کولروں سمیت درجنوں ٹی وی برآمد ہوئے جبکہ 1ہزار سے زائد قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق قیدیوں کو لاڑکانہ ڈسٹرکٹ جیل، سکھ، خیرپور، حیدرآباد اور کراچی جیل منتقل کیا گیا ہے جبکہ جیل کی بیرکیں زبوں حالی کا شکار ہوچکی ہیں جن کی مرمت کے بعد دوبارہ قیدیوں کو لاڑکانہ جیل منتقل کیا جائے گا، سینٹرل جیل کی مرمت میں 4 سے 5 ماہ درکار ہیں۔

دوسری جانب صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی نے بھی لاڑکانہ سینٹرل جیل کا دورہ کیا، جیل سپرنٹنڈنٹ نے جیل کے سرچ آپریشن اور برآمد اشیاء کی حوالے سے بریفنگ دی۔

بعد ازاں لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز جکھرانی کا کہنا تھا کےسینٹرل جیل کے معاملات عرصہ دراز سے خراب تھے، ممنوعہ اشیاء کی موجودگی کے باعث لاڑکانہ سینٹرل جیل سندھ حکومت کی بدنامی کا باعث بنا، موبائل فونز کی موجودگی کے باعث قیدی جیل کے باہر وارداتیں کروا رہے تھے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ اور جیل کے سٹاف کی اچھی پالیسی کے باعث تمام قیدی دیگر جیلوں میں منتقل کردیئے گئے ہیں، قیدیوں نے جیل کے اندر عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔

اعجاز جکھرانی کا کہنا تھا کے منگل کے دن پراجیکٹ ڈائریکٹر لاڑکانہ سینٹرل جیل کا دورہ کریں گے جس کے بعد مرمتی کام شروع کیا جائے گا، مرمتی کام مکمل ہونے پر قیدیوں کو واپس لاڑکانہ منتقل کیا جائے گا، کچھ افسران کی مدد سے جیل میں ممنوعہ اشیاء پہنچیں ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔
 

Advertisement