اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

Published On 11 December,2022 10:38 am

کراچی:(دنیا نیوز) انسداد منشیات فورس نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان اے این ایف کراچی کے مطابق کراچی کورنگی روڈ پر واقع نجی کوریئر آفس میں لندن کے لئے بُک کئے گئے پارسل سے آئس برآمد کی گئی، برآمد شدہ آئس پردوں میں چھپائی گئی تھی، پارسل کا مجموعی وزن 23 کلو 400 گرام ہے۔

دوسری کارروائی میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے خواتین کے کپڑوں میں چھپائی گئی آئس بر آمد کی گئی، پارسل کا مجموعی وزن 3 کلو 400 گرام ہے، مُلزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔

ادھر راولپنڈی اولڈ ائیرپورٹ شاہین چوک کے قریب 2 ملزمان سے 4 کلو آئس برآمد کی گئی۔ باچہ خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پشاور پر شارجہ جانے والے مُلزم سے 7 چرس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، ملزم نے چرس بھرے کیپسولز پیٹ کے ساتھ باندھے ہوئے تھے۔