لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ریکارڈ یافتہ دو ملزمان ہلاک جبکہ ایک فرار ہو گیا۔
سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( سی آئی اے ) کے مطابق اقبال ٹاؤن سکواڈ کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم عمر گجر پولیس مقابلے کے نتیجے میں زخمی ہوا، ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
عمر گجر کے خلاف 3 شہریوں کو قتل کرنے کے مقدمات درج تھے۔
علاوہ ازیں سی آئی اے اور ڈاکوؤں کے درمیان ایک اور مقابلے کے دوران سیف رسول نامی ملزم ہلاک جبکہ اسکا ساتھی فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم نے سگیاں پل کے قریب ریڈ کیا، ڈاکوؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس پر جوابی فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں سیف رسول نامی ملزم ہلاک ہو گیا۔
ملزم سیف رسول کے خلاف شہریوں کو قتل کرنے کے 4 مقدمات درج ہیں۔