لاہور : (ویب ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سی آئی اے شاہدرہ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ناکے پر دو موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ تین ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محسن مجید کے نام سے ہوئی جو قتل، ڈکیتی، رہزنی اور نقب زنی کے 80 مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔